| Qari: |
And We inspired to Moses and his brother, "Settle your people in Egypt in houses and make your houses [facing the] qiblah and establish prayer and give good tidings to the believers."
اور ہم نے موسیٰ اور اس کے بھائی کی طرف وحی بھیجی کہ اپنے لوگوں کے لیے مصر میں گھر بناؤ اور اپنے گھروں کو قبلہ (یعنی مسجدیں) ٹھہراؤ اور نماز پڑھو۔ اور مومنوں کو خوشخبری سنادو
[وَاَوْحَيْنَآ: اور ہم نے وحی بھیجی] [اِلٰى: طرف] [مُوْسٰى: موسی] [وَاَخِيْهِ: اور اس کا بھائی] [اَنْ تَبَوَّاٰ: کہ گھر بناؤ تم] [لِقَوْمِكُمَا: اپنی قوم کے لیے] [بِمِصْرَ: مصر میں] [بُيُوْتًا: گھر] [وَّاجْعَلُوْا: اور بناؤ] [بُيُوْتَكُمْ: اپنے گھر] [قِبْلَةً: قبلہ رو] [وَّاَقِيْمُوا: اور قائم کرو] [الصَّلٰوةَ: نماز] [وَبَشِّرِ: اور خوشخبری دو] [الْمُؤْمِنِيْنَ: مومن (جمع)]
قوم فرعون سے بنی اسرائی کی نجات
بنی اسرائیل کی فرعون اور فرعون کی قوم سے نجات پانا، اس کی کیفیت بیان ہو رہی ہے دونوں نبیوں کو اللہ کی وحی ہوئی کہ " اپنی قوم کے لیے مصر میں گھر بنالو ۔ اور اپنے گھروں کو مسجدیں مقرر کر لو ۔ اور خوف کے وقت گھروں میں نماز ادا کر لیا کرو"۔ چنانچہ فرعون کی سختی بہت بڑھ گئی تھی ۔ اس لیے انہیں کثرت سے نماز ادا کرنے کا حکم ہوا۔ یہی حکم اس امت کو ہے کہ ایمان دار و صبر اور نماز سے مدد چاہو ۔ حضور (صلی اللہ علیہ وسلم) کی عادت مبارک بھی یہی تھی کہ جب کوئی گھبراہٹ ہوتی فوراً نماز کے لیے کھڑے ہو جاتے۔ یہاں بھی حکم ہوتا ہے کہ اپنے گھروں کو قبلہ بنا لو، اے نبی (صلی اللہ علیہ وسلم) ان مومنوں کو تم بشارت دو انہیں دار آخرت میں ثواب ملے گا اور دنیا میں ان کی تائید و نصرت ہوگی۔ اسرائیلیوں نے اپنے نبی سے کہا تھا کہ فرعونیوں کے سامنے ہم اپنی نماز اعلان سے نہیں پڑھ سکتے تو اللہ نے انہیں حکم دیا کہ اپنے گھر قبلہ رو ہو کر وہیں نماز ادا کر سکتے ہو اپنے گھر آمنے سامنے بنانے کا حکم ہو گیا۔