| Qari: |
And when the fright had left Abraham and the good tidings had reached him, he began to argue with Us concerning the people of Lot.
جب ابراہیم سے خوف جاتا رہا اور ان کو خوشخبری بھی مل گئی تو قوم لوط کے بارے میں لگے ہم سے بحث کرنے
[فَلَمَّا: پھر جب] [ذَهَبَ: جاتا رہا] [عَنْ: سے (کا)] [اِبْرٰهِيْمَ: ابراہیم] [الرَّوْعُ: خوف] [وَجَاۗءَتْهُ: اس کے پاس آگئی] [الْبُشْرٰي: خوشخبری] [يُجَادِلُنَا: ہم سے جھگڑنے لگا] [فِيْ: میں] [قَوْمِ لُوْطٍ: قوم لوط]
حضرت ابراہیم کی بردباری اور سفارش ۔
مہمانوں کے کھانا نہ کھانے کی وجہ سے حضرت ابراہیم کے دل میں جو دہشت سمائی تھی۔ ان کا حل کھل جانے پر وہ دور ہو گئی۔ پھر آپ نے اپنے ہاں لڑکا ہو نے کی خوش خبری بھی سن لی۔ اور یہ بھی معلوم ہو گیا کہ یہ فرشتے قوم لوط کی ہلاکت کے لیے بھیجے گئے ہیں تو آپ فرمانے لگے کہ اگر کسی بستی میں تین سو مومن ہوں کیا پھر بھی وہ بستی ہلاک کی جائے گی؟ حضرت جبرائیل علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں نے جواب دیا کہ نہیں ۔ پھر پوچھا کہ اگر چالیس ہوں؟ جواب ملا پھر بھی نہیں ۔ دریافت کیا اگر تیس ہوں ۔ کہا گیا پھر بھی نہیں ۔ یہاں تک کے تعداد گھٹاتے گھٹاتے پانچ کی بابت پوچھا تو فرشتوں نے یہی جواب دیا۔ پھر ایک ہی کی نسبت سوال کیا اور یہی جواب ملا تو آپ نے فرمایا پھر اس بستی کو حضرت لوط علیہ السلام کی موجودگی میں تم کیسے ہلاک کرو گے؟ فرشتوں نے کہا ہمیں وہاں حضرت لوط کی موجودگی کا علم ہے اسے اور اس کے اہل خانہ کو سوائے اس کی بیوی کے ہم بچالیں گے۔ اب آپ کو اطمینان ہو اور خاموش ہوگئے۔ حضرت ابراہیم بردبار، نرم دل اور رجوع رہنے والے تھے اس آیت کی تفسیر پہلے گزر چکی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبر کی بہترین صفتیں بیان فرمائیں ہیں ۔ حضرت ابراہیم کی اس گفتگو اور سفارش کے جواب میں فرمان باری ہوا کہ اب آپ اس سے چشم پوشی کیجئے۔ قضاء حق نافذ و جاری ہو گئی اب عذاب آئے گا اور وہ لٹایا نہ جائے گا۔