| Qari: |
And to Thamud [We sent] their brother Salih. He said, "O my people, worship Allah; you have no deity other than Him. He has produced you from the earth and settled you in it, so ask forgiveness of Him and then repent to Him. Indeed, my Lord is near and responsive."
اور ثمود کی طرف ان کے بھائی صالح کو (بھیجا) تو انہوں نے کہا کہ قوم! خدا ہی کی عبادت کرو اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں۔ اسی نے تم کو زمین سے پیدا کیا اور اس میں آباد کیا تو اس سے مغفرت مانگو اور اس کے آگے توبہ کرو۔ بےشک میرا پروردگار نزدیک (بھی ہے اور دعا کا) قبول کرنے والا (بھی) ہے
[وَ: اور] [اِلٰي ثَمُوْدَ: ثمود کی طرف] [اَخَاهُمْ: ان کا بھائی] [صٰلِحًا: صالح] [قَالَ: اس نے کہا] [يٰقَوْمِ: اے میری قوم] [اعْبُدُوا اللّٰهَ: اللہ کی عبادت کرو] [مَا: نہیں] [لَكُمْ: تمہارے لیے] [مِّنْ اِلٰهٍ: کوئی معبود] [غَيْرُهٗ: اس کے سوا] [هُوَ: وہ۔ اس] [اَنْشَاَكُمْ: پیدا کیا تمہیں] [مِّنَ الْاَرْضِ: زمین سے] [وَاسْتَعْمَرَكُمْ: اور بسایا تمہیں] [فِيْهَا: اس میں] [فَاسْتَغْفِرُوْهُ: سو اس سے بخشش مانگو] [ثُمَّ: پھر] [تُوْبُوْٓا اِلَيْهِ: رجوع کرو اس کی طرف (توبہ کرو] [اِنَّ: بیشک] [رَبِّيْ: میرا رب] [قَرِيْبٌ: نزدیک] [مُّجِيْبٌ: قبول کرنے والا]
صالح علیہ السلام اور ان کی قوم میں مکالمات
حضرت صالح علیہ السلام ثمودیوں کی طرف اللہ کے رسول بنا کر بھیجے گئے تھے۔ قوم کو آپ نے اللہ کی عبادت کرنے کی اور اس کے سوا دوسروں کی عبادت سے باز آنے کی نصحیت کی ۔ بتلایا کہ انسان کی ابتدائی پیدائش اللہ تعالیٰ نے مٹی سے شروع کی ہے۔ تم سب کے باپ باوا آدم علیہ السلام اسی مٹی سے پیدا ہوئے تھے۔ اسی نے اپنے فضل سے تمہیں زمین پر بسایا ہے کہ تم اس میں گزران کر رہے ہو ۔ تمہیں اللہ سے استغفار کرنا چاہیے۔ اس کی طرف جھکے رہنا چاہیے۔ وہ بہت ہی قریب ہے اور قبول فرمانے و الا ہے۔